امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب کے دوران انکشاف کیا ہے کہ ان کی مداخلت کے باعث بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ رک گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ صورتحال کے دوران انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی قیادت سے براہِ راست رابطہ کیا اور انہیں خبردار کیا کہ اگر وہ جنگ میں شامل ہوئے تو امریکا ان کے ساتھ تجارتی معاہدے نہیں کرے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ "میں بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے والا تھا، مودی سے میری اچھی دوستی ہے، وہ سخت اور قاتل مزاج شخص ہیں، لیکن پاکستان کے وزیراعظم بھی بہترین انسان ہیں۔ ان کے پاس ایک فیلڈ مارشل ہے جو ایک عظیم فائٹر ہے۔" سابق امریکی صدر کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ "سات طیارے مار گرائے گئے اور دونوں ایٹمی طاقتیں ایک دوسرے پر حملے کر رہی تھیں۔" ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو فون کرکے جنگ سے باز رہنے کا کہا اور دو دن کے اندر دونوں نے رابطہ کر کے تصدیق کی کہ صورتحال قابو میں ہے۔ ٹرمپ نے طنزیہ لہجے میں کہا، "کیا آپ سمجھتے ہیں کہ جو بائیڈن ایسا کر سکتے تھے؟ میرا نہیں خیال!"