راولپنڈی: پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقی آل راؤنڈر کگیسو رباڈا نے شاندار بیٹنگ کر کے تاریخ رقم کر دی۔
میچ کے دوران رباڈا 11 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 61 گیندوں پر 71 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو اہم برتری دلائی۔ انہوں نے 4 چوکے اور 4 چھکے لگائے اور دسویں وکٹ کے لیے متھوسامی کے ساتھ 98 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی۔
رباڈا کی اس شاندار اننگز کی بدولت جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 404 رنز تک پہنچ گئی اور پاکستان پر 71 رنز کی سبقت حاصل کی۔
اس کارکردگی کے ساتھ رباڈا نے 11 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کا 119 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 1906 میں برٹ وولگر کے پاس تھا، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف 62 رنز بنائے تھے۔
عالمی سطح پر 11 ویں نمبر کے بیٹر کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ابھی بھی آسٹریلیا کے ایشٹن ایگر کے پاس ہے، جنہوں نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف 98 رنز بنائے تھے۔
