اسلام آباد: پاکستان کے پہلے ہائپراسپیکٹرل سیٹلائٹ (ایچ ایس۔1 ) کو خلا میں بھیجنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سیٹلائٹ کل 19 نومبر کو چین سے خلا میں روانہ کیا جائے گا۔
ترجمان سپارکو (SUPARCO) کے مطابق پاکستانی سائنس دانوں اور انجینئرز کی موجودگی میں لانچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
یہ جدید سیٹلائٹ ماحولیاتی تبدیلیوں، ارضیاتی خطرات، اور قدرتی آفات کی پیشگوئی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
HS-1 سیلاب، لینڈ سلائیڈز، اور زرعی سرویلنس کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر میپنگ اور شہری منصوبہ بندی میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
سپارکو کے مطابق یہ مشن پاکستان کی قومی خلائی پالیسی اور وژن 2047 کے تحت ایک اہم سنگِ میل ہے۔
رواں سال خلا میں بھیجا جانے والا یہ پاکستان کا تیسرا سیٹلائٹ ہے۔ اس سے قبل EO-1 (جنوری 2025) اور KS-1 (جولائی 2025) کامیابی سے خلا میں بھیجے جا چکے ہیں اور دونوں مکمل طور پر فعال ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کا خلائی پروگرام جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ایپلی کیشنز کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جس سے قومی ترقی اور قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کے مواقع مزید بڑھیں گے۔
