اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ترقی اور خوشحالی کا زبردست موقع ہے، خطے کے دیگر ممالک بھی اس منصوبے سے فائدہ اٹھائیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک خطے میں معاشی استحکام، تجارتی سرگرمیوں اور رابطوں کے نئے دور کا آغاز کر رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر کو چین کے صوبے شنگیانگ سے منسلک کرنے سے توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، یہ تعاون خطے میں امن، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ علاقائی رابطوں میں اضافے سے تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید دنیا میں رابطے صرف زمینی یا فضائی راستوں تک محدود نہیں رہے بلکہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری بھی وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہا ہے تاکہ ملک چوتھے صنعتی انقلاب کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔