وزیراعظم پاکستان شہباز شریف جمعرات کو اقبال چوک فلائی اوور کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔
اقبال چوک فلائی اوور منصوبے کا مقصد اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
منصوبے پر تعمیراتی کام 19 ستمبر کو شروع کیا گیا، جس سے قبل وزیراعظم نے 12 ستمبر کو منصوبے کا دورہ کیا تھا۔ فلائی اوور کو 5 دسمبر کو مکمل کر لیا گیا، یوں یہ اہم منصوبہ ریکارڈ 77 دن میں پایۂ تکمیل تک پہنچا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ایک سینئر سول انجینئر کی نگرانی میں دن رات کام جاری رہا، جس کی بدولت یہ منصوبہ غیر معمولی رفتار سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) اور پوری ٹیم کی کارکردگی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لگن کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 برسوں میں اسلام آباد کی آبادی میں چار گنا اضافہ ہوا، تاہم انفراسٹرکچر کی ترقی اس رفتار سے نہیں ہو سکی۔ موجودہ حکومت ٹریفک کے مسائل کے مستقل حل، اہم چوراہوں خصوصاً فیض آباد انٹرچینج کی بہتری اور پائیدار شہری ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے ویژن 2027 کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت 130 سے زائد ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں سڑکیں، پارکس، اسپتال اور دیگر شہری سہولیات شامل ہوں گی۔
تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا اقبال چوک فلائی اوور حکومت کی معیار، رفتار اور لاگت میں شفافیت کی پالیسی کا عملی مظہر ہے۔ یہ فلائی اوور روزانہ قریباً ایک لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا اور راولپنڈی، راوت، لاہور اور اسلام آباد کے درمیان آمدورفت کو بہتر بنائے گا۔
منصوبے کے اطراف 3 ہزار سے زائد درخت اور پودے بھی لگائے گئے ہیں، جو نہ صرف شہر کے حسن میں اضافہ کریں گے بلکہ ماحولیاتی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
