لاہور: حکومت نے عوام کو سستا گوشت فراہم کرنے کے لیے مٹن، بیف، چکن اور انڈے کی ایکسپورٹ پر عارضی پابندی کی تجویز دی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیلاب کے باعث زراعت اور لائیو اسٹاک متاثر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں ملکی سطح پر گوشت کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
ذرائع وزارت پیداوار کا کہنا ہے کہ پابندی نافذ ہونے سے عوام کے لیے گوشت کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی ممکن ہوگی۔ اس وقت بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے اور مٹن کی 1600 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، مگر مارکیٹ میں مٹن 2500 سے 3000 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
وزارت کے مطابق گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا اثر چکن پر بھی پڑ رہا ہے، اور پابندی کے ذریعے مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں استحکام لانے کی کوشش کی جائے گی۔
