Share This Article
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کے لیے اسکرین ٹائم کی واضح حد مقرر کریں تاکہ ان کی تعلیم، ذہنی صحت اور مجموعی فلاح و بہبود کو محفوظ بنایا جا سکے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کم عمر بچوں میں انٹرنیٹ کا حد سے زیادہ استعمال ان کی تعلیم، تفریحی سرگرمیوں اور خاندانی زندگی پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق اسکرین پر زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کی توجہ اور سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
ایڈوائزری میں والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں انٹرنیٹ کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں۔
ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی اے نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر منظور شدہ پیرنٹل کنٹرول ٹولز کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ اتھارٹی نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کانٹینٹ فلٹرز اور پیرنٹل کنٹرول سافٹ ویئر استعمال کریں تاکہ بچوں کو نقصان دہ یا نامناسب آن لائن مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ والدین کی بروقت نگرانی اور درست رہنمائی بچوں کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
