پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے 2026 کو باضابطہ طور پر ’’یوتھ کا سال‘‘ قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے صوبے بھر کے طلبہ میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لودھراں میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے ہر سال ایک لاکھ لیپ ٹاپس اور وظائف بھی دیے جائیں گے تاکہ تعلیم اور تحقیق کو فروغ دیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے مزید بتایا کہ لاہور میں آئی ٹی سٹیز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں، جو نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
انہوں نے ہنر مند نوجوانوں کی معاونت کے لیے ’’پرواز کارڈ‘‘ کے اجرا کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد اسکلڈ یوتھ کو مالی اور پیشہ ورانہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ پچیس ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے، جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا مستقبل نوجوانوں سے جڑا ہے اور حکومت تعلیم، ٹیکنالوجی اور روزگار کے ذریعے یوتھ کو ملک کی ترقی کا مرکزی کردار بنائے گی۔
