پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے پولیس کمیونیکیشن آفیسرز (PCOs) کی نئی بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اہل امیدواروں کو صوبے کے پبلک سیفٹی اور سرویلنس سسٹم کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
بھرتی کی تفصیلات کے مطابق، PSCA کی جانب سے پولیس کمیونیکیشن آفیسر کی 267 خالی آسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ بھرتی مرد و خواتین دونوں کے لیے کھلی ہے اور سرکاری قواعد کے مطابق تمام کوٹہ جات لاگو ہوں گے۔
خواتین، اقلیتوں اور خصوصی افراد کو خصوصی طور پر درخواست دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔ اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کے پاس آئی ٹی سے متعلقہ شعبوں میں 16 سالہ تعلیم ہونی چاہیے، جس میں BCS، BBIT، BS Telecom، MBA-IT، MCS، MSc IT یا اس کے مساوی ڈگری شامل ہے۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ، آئی ٹی پروجیکٹس یا کال سینٹرز میں سابقہ تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ امیدواروں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 28 سال مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دہندگان کا پنجاب کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، ننکانہ صاحب، لیہ، راجن پور، کوٹ ادو، تونسہ، چنیوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور وزیرآباد سمیت مختلف اضلاع کے امیدواروں کو درخواست دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق درخواستیں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS) کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی، جبکہ سرکاری ملازمین کو باقاعدہ چینل کے ذریعے درخواست دینا ہوگی۔
