ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کی نئی پابندیوں کے جواب میں کہا ہے کہ روس کبھی بھی امریکی دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیوٹن نے واضح کیا کہ امریکا کے غیر دوستانہ اقدامات روس اور امریکا کے تعلقات کو مزید متاثر کریں گے، اور کوئی خودمختار ملک دباؤ میں آ کر اپنے فیصلے نہیں بدلتا۔
صدر پیوٹن نے تسلیم کیا کہ واشنگٹن کی حالیہ پابندیاں روسی معیشت پر اثر ڈال سکتی ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ روس اپنی پالیسیوں پر مستقل عمل جاری رکھے گا اور بیرونی دباؤ کے باوجود خودمختار فیصلے کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے روس کی دو بڑی آئل کمپنیوں، روزنیفٹ اور لک آئل، پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں تاکہ کریملن کو یوکرین تنازع ختم کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات روس پر اقتصادی دباؤ بڑھانے اور صدر پیوٹن کو مذاکرات کی میز تک لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔