راولپنڈی میں پولیس اہلکاروں نے ایک متاثر کن مثال قائم کرتے ہوئے ایک سالہ بچے کی اوپن ہارٹ سرجری کے لیے خون عطیہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے رہائشی ایک شہری نے اپنے بیمار بچے کے لیے خون کی فوری ضرورت پیش آنے پر ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کیا۔ اطلاع ملتے ہی راولپنڈی پولیس کے اہلکار فوراً اسپتال پہنچے اور انسانی ہمدردی کے تحت خون عطیہ کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بچے کا آپریشن راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں شیڈول تھا اور خون کی کمی کے باعث والدین شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔
راولپنڈی پولیس کے افسران نے بچے کے علاج کے لیے مجموعی طور پر چار بوتلیں خون عطیہ کیا، جس پر والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “آج پولیس صرف قانون کی محافظ نہیں، انسانیت کی بھی محافظ ثابت ہوئی ہے۔”
