راولپنڈی میں جاری پاکستان اور جنوبی افریقا کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
دن کا آغاز پاکستان نے 259 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر کیا، جہاں سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، سعود شکیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ آغا سلمان 45 رنز کی اننگز کھیل کر رخصت ہوئے۔ سعود شکیل بھی 66 رنز بنا کر مہاراج کا شکار بنے۔
پچھلے بلے بازوں میں شاہین آفریدی، ساجد خان اور آصف آفریدی زیادہ اثر چھوڑنے میں ناکام رہے۔ نعمان علی 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کے اسپنر کیشوو مہاراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے ساتھی سائمن ہارمر نے 2 اور ربادا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کپتان شان مسعود نے 87 اور اوپنر عبداللہ شفیق نے 57 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا تھا۔
دو میچوں کی اس سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ لاہور ٹیسٹ میں گرین شرٹس نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے مات دی تھی۔
