Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

رضا پہلوی کا ایرانی حکومت کے خلاف کھلا اعلان، قومی بغاوت کے نئے مرحلے کا عندیہ

رضا پہلوی کا ایرانی حکومت کے خلاف کھلا اعلان، قومی بغاوت کے نئے مرحلے کا عندیہ

پیرس/واشنگٹن: ایران کے سابق شاہ کے بیٹے اور جلاوطن اپوزیشن رہنما رضا پہلوی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف قومی بغاوت کے ایک نئے مرحلے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے براہِ راست مزاحمت کی اپیل کر دی ہے۔

اپنے بیان میں رضا پہلوی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کو گرانے اور ایران کو واپس لینے کے لیے جدوجہد ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے اندر شہروں کی مرکزی شاہراہوں پر کنٹرول حاصل کرنا اور ان تمام اداروں و تنظیموں کو نشانہ بنانا جائز ہوگا جو جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے اور عوامی رابطے منقطع کرنے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔

رضا پہلوی نے ریاستی اداروں، مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس یہ تاریخی موقع ہے کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور قوم کا حصہ بنیں، بصورت دیگر وہ عوام کے خلاف کارروائیوں میں شریک ہو کر ہمیشہ کے لیے قومی نفرت اور رسوائی مول لیں گے۔

انہوں نے ایران سے باہر موجود ایرانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو ایرانی عوام کی ملکیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان عمارتوں پر اسلامی جمہوریہ کے بجائے ایران کا قومی پرچم لہرایا جائے۔

رضا پہلوی نے مزید دعویٰ کیا کہ ایرانی عوام تنہا نہیں ہیں اور عالمی سطح پر بھی حمایت جلد سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید اہم پیغامات جاری کیے جائیں گے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق رضا پہلوی کا یہ بیان ایران میں پہلے سے موجود سیاسی بے چینی اور احتجاجی فضا کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، تاہم اس اعلان کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates