فٹبال کے عالمی سپر اسٹار کریسٹیانو رونالڈو نے کھیلوں کی دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ فٹبال کے بعد اب وہ مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) میں قدم رکھنے جا رہے ہیں، نہ بطور فائٹر بلکہ ایک بڑے کاروباری شراکت دار کے طور پر۔
پرتگالی اسٹار، جو اس وقت النصر اور اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں، نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسپین کی معروف ایم ایم اے پرووموشن WOW FC کے شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔
رونالڈو نے اپنے آفیشل X (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ پر لکھا:
“مجھے یہ بڑی خبر شیئر کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں @wowfcmma کا شیئر ہولڈر بن رہا ہوں! ہم وہ اقدار رکھتے ہیں جن پر میرا پختہ یقین ہے — ڈسپلن، احترام، حوصلہ، اور بہترین بننے کی لگن۔”
انہوں نے مزید کہا کہ WOW FC ایک منفرد اور طاقتور پلیٹ فارم تیار کر رہی ہے اور وہ اس منصوبے کا حصہ بن کر کھیل کی ترقی اور نئی نسل کے لیے تحریک پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ رونالڈو نے یہ بھی بتایا کہ انہیں MMA سے ہمیشہ دلچسپی رہی ہے اور وہ اس پروجیکٹ کو بےحد کامیاب ہوتا دیکھ رہے ہیں۔
WOW FC کے شریک مالک گیگا ٹوپوریا نے رونالڈو کے شمولیت کو کھیل کے لیے “بہت بڑا لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے ایم ایم اے کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔
پرووموشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق:
“ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بےحد فخر ہے کہ کریسٹیانو رونالڈو WOW کے بڑے پارٹنر کے طور پر شامل ہو رہے ہیں۔ وہ صرف ایک کھیلوں کے آئیکون نہیں بلکہ عالمی رول ماڈل ہیں۔ تاریخ کے عظیم ترین ایتھلیٹس میں سے ایک کا ہماری فیملی میں شامل ہونا ایم ایم اے کے عالمی فروغ کے لیے زبردست قدم ہے۔”
