اداکارہ صبا قمر نے ایک معروف صحافی کے مبینہ توہین آمیز اور جھوٹے الزامات کے خلاف 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب صحافی نعیم حنیف نے ایک پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا کہ صبا قمر ماضی میں لاہور کے علاقے والٹن میں ایک ایسے گھر میں رہتی تھیں جو مبینہ طور پر انہیں فراہم کیا گیا تھا، جس پر اداکارہ نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام پر اس الزام کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔ صبا قمر کا کہنا تھا کہ نہ وہ کبھی والٹن میں رہیں اور نہ ہی ان کی کردار کشی پر مبنی ان باتوں میں کوئی صداقت ہے، جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ کسی پر جھوٹا الزام لگانا سنگین جرم ہے۔ بعدازاں انہوں نے اپنے وکلا کے ذریعے متعلقہ صحافی اور یوٹیوب چینل کو نوٹس بھیج کر مطالبہ کیا کہ سات دن کے اندر عوامی معافی مانگی جائے اور متنازع مواد ہٹایا جائے، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ صبا قمر نے مداحوں اور شوبز برادری سے اپیل کی کہ وہ بھی جھوٹے الزامات کے خلاف آواز بلند کریں اور اپنی عزت کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں۔
Hide comments
