ریاض سے موصولہ رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے اپنے مستقبل کے میگا پراجیکٹ نیوم سٹی میں دنیا کا پہلا “اسکائی اسٹیڈیم” تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جو جدید انجینئرنگ اور فنِ تعمیر کا ایک شاہکار قرار دیا جا رہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، یہ اسٹیڈیم 350 میٹر کی بلندی پر تعمیر کیا جائے گا اور اسے 2032 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہاں 2034 فیفا ورلڈ کپ کے میچز کی میزبانی بھی کی جا سکتی ہے، جو سعودی عرب کے عالمی کھیلوں کے منظرنامے پر ایک نئے دور کی شروعات ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق، اس جدید اسٹیڈیم میں 46 ہزار ناظرین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ اس کا ڈیزائن مکمل طور پر ماحولیاتی استحکام اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے تیار کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس مجوزہ اسٹیڈیم کے ڈیزائن کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو چکی ہیں، جنہیں دنیا بھر کے شائقین کھیل اور فنِ تعمیر کے ماہرین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔