ریاض / اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے لیے طے پانے والے امن میکنزم معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض علاقائی و بین الاقوامی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور امید ظاہر کرتا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان سرحدی تنازعات کے خاتمے اور دیرپا استحکام کا باعث بنے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ معاہدہ تنازع کے حل کی سمت ایک مثبت پیش رفت ہے، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے دونوں ممالک کی سنجیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق، بین الاقوامی برادری کی جانب سے اس معاہدے کی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاک افغان سرحد کو تسلیم شدہ بین الاقوامی سرحد کے طور پر دیکھتی ہے اور اس کے استحکام کو علاقائی امن کے لیے ناگزیر سمجھتی ہے۔
