سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سیرین ایئر کا ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (AOC) بحال کر دیا ہے، جو ایئر لائن کی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
سرٹیفکیٹ کی بحالی کے بعد اب سیرین ایئر کو طیاروں کے انجن اور ضروری پرزہ جات درآمد کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جن کی مدد سے وہ ریگولیٹری تقاضے پورے کر سکے گی۔ سی اے اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایئر لائن کو “ایک اور موقع” فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی سروسز کو مستحکم بنا سکے۔
تاہم، ایئر لائن کی پروازیں تاحال معطل رہیں گی جب تک تمام زیرِ التوا قواعد و ضوابط مکمل طور پر پورے نہیں ہو جاتے۔ AOC بحال کرنے کی ہدایت ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز نے ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کی ہدایات پر جاری کی۔
یاد رہے کہ 23 اکتوبر 2025 کو سیرین ایئر کی پروازیں حفاظتی خدشات کے باعث معطل کر دی گئی تھیں۔ سی اے اے کے مطابق اس وقت ایئرلائن کے پاس کوئی بھی ایسا طیارہ موجود نہیں تھا جو تجارتی پرواز کے لیے قابلِ استعمال ہو، جس کی وجہ سے AOC عارضی طور پر واپس لے لیا گیا تھا۔
ایئر لائن کے مطابق اس کے ایک طیارے کو سعودی عرب میں برڈ اسٹریک کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ کمپنی نے پھنسے ہوئے پاکستانی مسافروں کی واپسی کے لیے خصوصی اجازت بھی طلب کی تھی۔
پروازوں کی معطلی سے کئی ملکی اور بین الاقوامی روٹس متاثر ہوئے، جس سے مسافروں میں سخت تشویش پائی جاتی رہی۔
سی اے اے حکام نے واضح کیا ہے کہ AOC کی بحالی کا مطلب یہ نہیں کہ پروازیں فوراً شروع ہو جائیں گی۔ سیرین ایئر کو دوبارہ پروازوں کے آغاز سے قبل تمام حفاظتی اور عملیاتی معیارات پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
