اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے لیے نامزد پاکستانی سفیر شفقات علی خان نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے شفقات علی خان کی وزارتِ خارجہ میں خدمات کو سراہا اور ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، خاص طور پر پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں کردار کے لیے۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور یو اے ای کے برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سفیر اپنی سفارتی مہارت سے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے شفقات علی خان کو یہ بھی ہدایت دی کہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیحات میں شامل رہے۔
