راولپنڈی:
شہر میں موسم کی تبدیلی کے بعد ڈینگی کے کیسز میں نمایاں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 نئے ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد رواں سیزن میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1232 ہو گئی ہے۔ اس وقت مختلف اسپتالوں میں 37 سے زائد مریض زیرِ علاج ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں انسدادِ ڈینگی مہم تیزی سے جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 19 ہزار 198 شہریوں کے ڈینگی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 18 ہزار 783 افراد کی اسکریننگ مکمل کی گئی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ تاحال کسی بھی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
انسدادِ ڈینگی مہم کے دوران 60 لاکھ سے زائد عمارتوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 1 لاکھ 92 ہزار سے زائد گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔
مزید یہ کہ 26 ہزار 83 مقامات کو ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا، جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 ہزار 655 مقدمات درج کیے گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق خلاف ورزیوں پر 1885 مقامات سیل کیے گئے اور 1 کروڑ 11 لاکھ 45 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔