Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

سندھ حکومت کا تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری شروع کرنے کا اعلان، روانگی کل ہوگی

سندھ حکومت کا تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری شروع کرنے کا اعلان، روانگی کل ہوگی

کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کل (ہفتہ) سے باقاعدہ طور پر روانہ ہوگی، جس کے تمام انتظامات صوبائی محکمہ سیاحت نے مکمل کر لیے ہیں۔

محکمہ سیاحت کے مطابق ٹرین حیدرآباد، میرپورخاص اور عمرکوٹ سے روانہ ہو کر زیرو پوائنٹ تک جائے گی۔ سفر کے دوران مسافروں کے لیے چھوڑ (Chhor) میں ایک خصوصی موسیقی کی محفل کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ راستے میں مقامی روایتی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

دوسرے روز ٹرین پیچی جی ویری سے واپسی کا سفر شروع کرے گی اور کراچی پہنچے گی۔

صوبائی وزیر سیاحت ذوالفقار علی شاہ نے تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کو سندھ کے سیاحتی مقامات کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

سندھ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے مطابق مستقبل میں اس سفاری کو موئن جو دڑو اور سکھر تک توسیع دینے کا بھی منصوبہ ہے۔ ٹکٹ کی قیمت بالغ مسافروں کے لیے 30 ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے، جس میں کیمپنگ، الاؤ، مقامی موسیقی اور علاقائی کھانے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کا اعلان 2024 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا تھا، جس کا مقصد تھرپارکر کو کراچی سے بذریعہ ریل جوڑنا تھا۔

حکام کے مطابق یہ سروس سیاحت کے فروغ، علاقائی رابطوں میں بہتری اور تھر سے کراچی کوئلے کی ترسیل میں مدد دے گی، جس سے مقامی آبادی کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری سیاحوں کو سندھ کے صحرائی حسن، ثقافتی رنگوں اور روایتی ذائقوں سے روشناس کرانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے، جہاں ایک ہی سفر میں ثقافت، موسیقی اور قدرتی مناظر کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates