فیصل آباد کے صنعتی علاقے 102 میں معاشی بحران کے باعث 22 سائزنگ فیکٹریاں بند ہو گئیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں۔ فیکٹریوں کی بندش سے نہ صرف مقامی صنعت متاثر ہوئی ہے بلکہ مزدور طبقہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی، گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، خام مال کی کمی اور برآمدی آرڈرز میں کمی فیکٹریوں کی بندش کی بڑی وجوہات ہیں۔ فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات کے باعث کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
متاثرہ مزدوروں نے حکومت سے فوری امداد اور صنعت کو سہارا دینے کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ مزدور رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے جرائم اور سماجی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
شہریوں اور صنعتی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت کو بچانے کے لیے فوری ریلیف پیکج دیا جائے تاکہ فیکٹریاں دوبارہ چل سکیں اور مزدوروں کو روزگار میسر آ سکے۔
