Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

ایس ایس جی سی کو تکنیکی خرابی کا سامنا، گیس کی کمی چند دن میں پوری ہونے کا امکان

ایس ایس جی سی کو تکنیکی خرابی کا سامنا، گیس کی کمی چند دن میں پوری ہونے کا امکان

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) نے کہا ہے کہ گیس کی ترسیل میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کے باعث یومیہ تقریباً 30 ملین مکعب فٹ گیس کی کمی واقع ہوئی ہے، جسے آئندہ چند دنوں میں مکمل طور پر بحال کر لیا جائے گا۔

ایس ایس جی سی کے مطابق گیس کی فراہمی معمول پر آتے ہی پریشر میں بہتری آئے گی اور سندھ و بلوچستان کے گھریلو صارفین کو مکمل سروس فراہم کی جا سکے گی۔

کمپنی کی ترجمان نے بتایا کہ غیر متوقع سردی کی لہر کے باعث دونوں صوبوں میں گھریلو گیس کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ گیزر اور ہیٹرز کے زیادہ استعمال کے باعث مجموعی کھپت میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے ایس ایس جی سی نے یومیہ تقریباً 90 ملین مکعب فٹ ری گیسفائیڈ لیکوئیفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) اپنے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں شامل کی، تاہم درجہ حرارت میں مزید کمی کے باعث کھانا پکانے کے اوقات بڑھ گئے اور صبح و شام کے اوقات میں طلب مزید بڑھ گئی۔

ترجمان کے مطابق اسی دوران اپ اسٹریم سطح پر ایک تکنیکی مسئلے کے باعث گیس کی فراہمی میں مزید 30 ملین مکعب فٹ یومیہ کمی واقع ہوئی، جس سے مختلف علاقوں خصوصاً آخری سِرے کے علاقوں میں گیس پریشر متاثر ہوا۔

اس صورتحال کے پیش نظر ایس ایس جی سی نے حکومت سے منظور شدہ لوڈ مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے کھاد کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل کی اور صنعتی شعبے کے لیے ہفتہ وار بندش نافذ کی تاکہ گھریلو صارفین کو ترجیح دی جا سکے۔

کمپنی ترجمان نے کہا کہ وفاقی ہدایات کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ایس ایس جی سی صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل گیس فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ کم پریشر کی شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates