اسلام آباد میں پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسی گاڑیوں کے مالکان کو موقع پر ہی جرمانہ کیا جائے گا جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی بند بھی کی جا سکتی ہے۔
ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل نازیہ زیب علی کے مطابق، شہر کی بگڑتی ہوئی فضائی صورتحال کے باعث شاہراہوں اور چوراہوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جو بسوں، ٹرکوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں سمیت ہر قسم کی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ناقص انجنوں سے نکلنے والا کالا دھواں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور یہ فضا میں پارٹیکیولیٹ میٹر، نائٹروجن آکسائیڈز اور کاربن مونو آکسائیڈ جیسی خطرناک گیسیں شامل کرتا ہے، جو موسمِ سرما میں اسموگ اور سانس کی بیماریوں میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔
ایجنسی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت سروس کروائیں اور انسپکشن ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اسلام آباد کی فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
