ماہرینِ فلکیات نے ناسا اور یورپین اسپیس ایجنسی کے تعاون سے ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ کی مدد سے خم دار کہکشاں این جی سی 1511 کی شاندار تصویر جاری کی ہے۔
این جی سی 1511 زمین سے تقریباً 5 کروڑ نوری سال کے فاصلے پر جھرمٹ ہائڈرس میں واقع ہے۔ یہ کہکشاں انگریز ماہر فلکیات جان ہرشل نے 2 نومبر 1834 کو دریافت کی تھی اور یہ این جی سی 1511 گروپ کی مرکزی ممبر کہکشاں ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ این جی سی 1511 اکیلی نہیں بلکہ اس کے ساتھ دو اور کہکشائیں این جی سی 1511 اے اور این جی سی 1511 بی بھی موجود ہیں، جو ہبل کی تصویر کے فریم سے باہر ہیں۔ یہ تینوں کہکشائیں ہائیڈروجن کے ایک تنگ پٹی کے ذریعے جڑی ہوئی ہیں، جو ان کے کششی تعلق اور مشترکہ ارتقا کی نشاندہی کرتی ہے۔
ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ کی یہ تصویر نہ صرف کہکشاؤں کی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ کہکشائی گروہوں کی ساخت اور تعلقات کو سمجھنے میں بھی اہم معلومات فراہم کرتی ہے۔
یہ شاندار مشاہدہ فلکیات کے شائقین اور سائنسدانوں کے لیے کائنات کی وسعت اور پیچیدگی کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
