اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عوام کی آسانی اور شفاف معلومات کی فراہمی کے لیے ایک جدید پبلک فیسلیٹیشن پورٹل لانچ کر دیا ہے، جسے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق، اس نئے پورٹل کا لنک سپریم کورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں شہری اب عدالتی مقدمات، درخواستوں اور سماعتوں سے متعلق تفصیلات باآسانی حاصل کر سکیں گے۔
پلیٹ فارم پر صارفین اپنے کیسز کو نام، نمبر یا درخواست کے حوالے سے تلاش کر سکتے ہیں، جب کہ ’’ایپلیکیشن اسٹیٹس‘‘ سیکشن کے ذریعے درخواستوں کی پیش رفت کو رئیل ٹائم میں مانیٹر کیا جا سکے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ہیلپ لائن 1818 کے ذریعے شہری اب سپریم کورٹ سے براہِ راست رابطہ بھی کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں، ’’اکثر پوچھے جانے والے سوالات‘‘ کے سیکشن میں عدالتی اصطلاحات کی وضاحت فراہم کی گئی ہے تاکہ عام شہری عدالتی نظام کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
مزید یہ کہ ابتدائی سماعت، التوا اور ویڈیو لنک درخواستوں کی معلومات بھی اسی پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔ سپریم کورٹ نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانی بھی اس سسٹم کے ذریعے اپنے مقدمات کی آن لائن نگرانی کر سکیں گے، جو عدالتی نظام میں ڈیجیٹل شفافیت اور عوامی رسائی کی نئی مثال ہے۔
