اسلام آباد — آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی مبینہ تاریخ سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان یہ ہائی وولٹیج ٹاکرا 8 فروری 2026 کو کولمبو میں متوقع ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا، جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے مقابلے بھارت کے کم از کم پانچ اور سری لنکا کے دو شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق فائنل میچ احمد آباد میں کھیلا جانے کا امکان ہے، تاہم اگر پاکستان فائنل میں پہنچا تو مقام کولمبو منتقل کیا جا سکتا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
دونوں میزبان ممالک کے علاوہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹاپ سات ٹیمیں — آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا، افغانستان اور ویسٹ انڈیز — نے براہِ راست کوالیفائی کیا ہے۔
جبکہ پاکستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے اپنی آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں جگہ بنائی۔
اسی طرح ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے کینیڈا، نیدرلینڈز، اٹلی، نمیبیا، زمبابوے، نیپال، عمان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں نے ایونٹ میں شرکت کا حق حاصل کیا ہے۔
