کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی کراچی سے سکھر جانے والی پرواز ایک بڑے حادثے سے اس وقت بچ گئی جب ٹیک آف کے چند منٹ بعد طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پی کے 536 نے جمعہ کی صبح کراچی سے سکھر کے لیے پرواز بھری تھی، تاہم روانگی کے تقریباً 17 منٹ بعد پائلٹ نے طیارے میں خرابی محسوس کی۔ کریو نے فوری طور پر کنٹرول ٹاور کو آگاہ کیا اور صورتحال کے پیشِ نظر طیارے کو کراچی واپس لانے کا فیصلہ کیا۔
پرواز میں سندھ کے وزیرِ بلدیات ناصر شاہ، سکھر کے میئر ارسلان شیخ سمیت دیگر مسافر موجود تھے۔ پائلٹ نے کامیابی کے ساتھ ہنگامی لینڈنگ کی اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافروں کو بروقت صورتحال سے آگاہ کیا گیا، تاہم خرابی کے باعث پرواز کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا گیا۔ وزیر ناصر شاہ جو کہ ایک سرکاری تقریب میں شرکت کے لیے سکھر جا رہے تھے، پرواز منسوخ ہونے کے بعد واپس کراچی روانہ ہو گئے۔
دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق
پی آئی اے کے ایک اور واقعے میں، دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 222 میں سفر کرنے والا مسافر دورانِ پرواز دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق متوفی کی شناخت ملک جہانزیب کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے۔ دورانِ پرواز انہیں شدید دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
طیارے کے اسلام آباد پہنچنے پر ضروری کارروائی کی گئی اور متوفی کی میت اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی۔
