وفاقی حکومت نے کشمیر یکجہتی ڈے کے موقع پر 5 فروری 2026 کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پورے پاکستان میں سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے۔ حکومت نے اس موقع پر صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔
دوسری جانب، سندھ حکومت نے بھی علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اسی روز عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق صوبے میں تمام سرکاری دفاتر، خودمختار و نیم خودمختار ادارے، بلدیاتی کونسلز اور صوبائی کنٹرول میں آنے والے کارپوریشنز بند رہیں گے، تاہم ضروری خدمات اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔
سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن میں بھی تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔
کشمیر یکجہتی ڈے ہر سال منایا جاتا ہے، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت کا اظہار اور ان کے حقِ خودارادیت کی توثیق کرنا ہے۔ اس دن ملک بھر میں عوامی اجتماعات، سیمینارز اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
