Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

وفاقی حکومت نے 2026-27 کے بجٹ کی تیاری شروع کر دی، کاروباری شعبے سے تجاویز طلب

وفاقی حکومت نے 2026-27 کے بجٹ کی تیاری شروع کر دی، کاروباری شعبے سے تجاویز طلب

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کاروباری برادری کو 30 جنوری تک بجٹ تجاویز جمع کرانے کی دعوت دی گئی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق اب ٹیکس پالیسی کی تیاری ایف بی آر کے بجائے وزارتِ خزانہ کرے گی، جبکہ ٹیکس پالیسی آفس کو ٹیکس اصلاحات کی مکمل ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ بجٹ سازی کے عمل میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ترجیحات بھی طے کر لی گئی ہیں۔

وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ نئے بجٹ میں صنعتوں پر ٹیکس بوجھ کم کرنے کے امکانات پر غور کیا جائے گا، جبکہ مینوفیکچرنگ اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ بجٹ میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل اکانومی کے لیے ٹیکس مراعات، ماحول دوست اور کم لاگت توانائی منصوبوں، خواتین کے روزگار اور نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

حکومت نے ٹیکس نظام میں موجود پیچیدگیوں اور عدم مساوات کے خاتمے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔ تجارتی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹیکس تجاویز ای میل یا بذریعہ ڈاک وزارتِ خزانہ کو ارسال کریں، جبکہ بجٹ تجاویز کے لیے ایک خصوصی فارم بھی جاری کیا گیا ہے۔

واضح کیا گیا ہے کہ ٹیکس تجاویز کے ساتھ پس منظر، قانونی ترامیم کی وجوہات، محصولات پر ممکنہ اثرات اور معاشی اشاریوں پر اثرات کی تفصیل دینا لازمی ہوگا۔ صرف ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز کو بجٹ کی تیاری میں ترجیح دی جائے گی۔

 

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates