اسلام آباد — حکومتِ پاکستان نے قومی پاسپورٹ کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اس حوالے سے وزارتِ داخلہ سے باضابطہ منظوری حاصل کر لی ہے۔
نئے پاسپورٹ میں چاروں صوبوں کی تاریخی اور ثقافتی عمارات کی تصاویر شامل کی جائیں گی جبکہ اندرونی صفحات پر ملک کی نمایاں تاریخی مقامات کی جھلک دکھائی دے گی۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد دستاویز کے نظام میں جدت، سیکیورٹی اور قومی تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے بیرونی صفحات کا رنگ وہی برقرار رکھا جائے گا تاہم اندرونی صفحات کے رنگ اور ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی ہے۔
مزید برآں، نئے پاسپورٹ میں والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا جبکہ جدید سیکیورٹی فیچرز کے ذریعے اس کی جعلسازی کو مزید مشکل بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ کی منظوری کے بعد نئے ڈیزائن والے پاسپورٹس کے اجرا کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔
