اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور میٹا نے پاکستان میں آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ مہم “کیا یہ اصلی ہے؟” (Is It Real?) کے عنوان سے شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد عوام کو ڈیجیٹل دھوکہ دہی کے عام طریقوں سے آگاہ کرنا اور آن لائن تحفظ کو فروغ دینا ہے۔
پی ٹی اے، میٹا اور تعلیمی پلیٹ فارم EYEYAH کے اشتراک سے شروع ہونے والی یہ مہم 15 سے زائد ممالک میں بیک وقت چلائی جا رہی ہے۔
اس مہم کے ذریعے صارفین کو سات عام اقسام کے آن لائن فراڈز جیسے رومانوی، شاپنگ، نقالی، سرمایہ کاری، جعلی ملازمت، اکاؤنٹ ہیکنگ اور جعلی پیغامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔
پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ یہ اشتراک ڈیجیٹل خواندگی بڑھانے اور صارفین کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم قدم ہے۔
میٹا کی ہیڈ آف پبلک پالیسی برائے پاکستان دانیا مختار نے کہا کہ:
“ہم پاکستان میں اپنی کمیونٹی کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں۔ دھوکہ دہی کرنے والے اپنے طریقے بدلتے رہتے ہیں، اس لیے عوامی آگاہی ہی سب سے مؤثر دفاع ہے۔”
