لاہور: تنظیماتِ اہل سنت نے آج کے لیے دی گئی کسی بھی شٹر ڈاؤن، پہیہ جام یا احتجاجی مظاہرے کی کال کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
ترجمان محمد اکرم رضوی نے وضاحت کی کہ تنظیم کی جانب سے آج کسی قسم کی ہڑتال کی کال نہیں دی گئی، البتہ ملک بھر کی مساجد میں خطباتِ جمعہ کے دوران سانحہ مریدکے کے خلاف قراردادِ مذمت منظور کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم پرامن شہری ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ حکومت سے گزارش ہے کہ معاملات کو مذاکرات اور دانشمندی سے حل کرے، کیونکہ یہی تمام مسائل کا واحد راستہ ہے۔
ترجمان کے مطابق حکومتی مذاکرات کے بعد صوبے بھر میں سیل شدہ مساجد کھول دی گئی ہیں، اور وہاں نماز پنجگانہ اور جمعہ کی ادائیگی معمول کے مطابق جاری ہے۔
دوسری جانب، تحفظ ناموس رسالت محاذ نے بھی احتجاجی کال کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ مریدکے پر صرف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا، کسی قسم کی ہڑتال یا سڑکوں پر احتجاج کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 300 سے زائد مساجد کو سیل کیا تھا، جن میں سے بیشتر اب بحال کر دی گئی ہیں۔
