Skip to content Skip to sidebar Skip to footer

پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ گیا، اسحاق ڈار

پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ گیا، اسحاق ڈار

اسلام آباد — نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے اور دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں پولینڈ کے وزیرِ خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تاریخی تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران پولش شہریوں نے کوئٹہ اور کراچی میں پناہ لی تھی جو دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی یادگار ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق ملاقات میں تجارت، کان کنی، تعمیراتی صنعت اور تعلیمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں ممالک کے تھنک ٹینکس اور تحقیقاتی اداروں کے درمیان اشتراک پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پولینڈ کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اس وقت پولینڈ میں تقریباً دو ہزار پاکستانی مقیم ہیں اور پولش جامعات پاکستانی طلباء میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے قریب ہے اور غزہ میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

پولش وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے معاملے پر ان کا ملک سخت قوانین پر عمل کر رہا ہے اور پولینڈ کی سرحد اب یورپی یونین کی محفوظ ترین سرحدوں میں شامل ہے۔

Leave a comment

Sign Up to Our Newsletter

Be the first to know the latest updates