سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اسد عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باوجود اربن اور انٹر سٹی روٹس پر ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا کہ تمام ڈی کلاس اسٹینڈز سے انٹر سٹی سروس جاری ہے، جبکہ ای بسیں اور میٹرو بس سروس شہریوں کو بلا تعطل سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پک اینڈ ڈراپ سروس کے لیے گاڑیوں کے پاس پہلے سے موجود روٹ پرمٹ میں مسافروں کی تعداد طے شدہ ہے، جس پر ہر صورت عمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
سیکرٹری آر ٹی اے نے مزید بتایا کہ انٹر سٹی اور اربن روٹس پر جاری آپریشن کی مکمل رپورٹ صوبائی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے، جبکہ ڈی کلاس اسٹینڈز نے گزشتہ روز ہڑتال نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
