نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو خبردار کرتے ہوئے ایک ہنگامی حفاظتی طریقہ کار جاری کیا ہے، جس پر فوری عمل کر کے ہیک شدہ اکاؤنٹ کو دوبارہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق اگر کسی صارف کا واٹس ایپ ہیک ہو جائے، اکاؤنٹ تک رسائی ختم ہو جائے یا شبہ ہو کہ کوئی اور شخص اکاؤنٹ استعمال کر رہا ہے، تو فوری طور پر دوبارہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے۔
ہیک ہونے کی صورت میں فوری اقدامات
حکام کے مطابق سب سے پہلے واٹس ایپ کو موبائل فون سے ان انسٹال کریں اور پھر دوبارہ انسٹال کریں۔ اس کے بعد اپنا فون نمبر درج کر کے لاگ اِن کریں۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارف کو 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہوگا، جسے فوراً ایپ میں درج کرنا ضروری ہے۔
این سی سی آئی اے کے حکام نے وضاحت کی کہ جیسے ہی یہ کوڈ درج کیا جاتا ہے، واٹس ایپ خودکار طور پر ہیکر کے ڈیوائس سے لاگ آؤٹ ہو جاتا ہے، کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ہی ڈیوائس پر فعال رہ سکتا ہے۔
اکاؤنٹ فوری طور پر محفوظ
ایس ایم ایس کوڈ درج کرنے کے بعد ہیکر کی رسائی مکمل طور پر ختم ہو جاتی ہے۔ اس دوران کوئی دوسرا شخص نہ تو اکاؤنٹ استعمال کر سکتا ہے اور نہ ہی پیغامات پڑھ سکتا ہے، جس سے صارف کا ڈیٹا محفوظ رہتا ہے۔
پن (PIN) فوری ری سیٹ کرنے کی ہدایت
این سی سی آئی اے نے مزید مشورہ دیا ہے کہ اگر صارف نے پہلے ہی واٹس ایپ کے ساتھ اپنا ای میل ایڈریس لنک کر رکھا ہو تو فوراً “Forgot PIN” پر کلک کر کے بغیر کسی تاخیر کے نیا پن سیٹ کریں، تاکہ اکاؤنٹ کو مزید تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
سائبر سیکیورٹی پر زور
ادارے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ مشکوک لنکس، نامعلوم کالز اور تصدیقی کوڈ کسی کے ساتھ بھی شیئر نہ کریں، کیونکہ یہی طریقے اکثر سائبر فراڈ اور اکاؤنٹ ہیکنگ کا سبب بنتے ہیں۔
