واٹس ایپ نے صارفین کی چیٹ بیک اپ سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی انکریپٹڈ بیک اپ تک رسائی پاس کیز کے ذریعے ممکن ہوگی، جس کے بعد اگر صارف کی ڈیوائس کھو جائے تو وہ فنگر پرنٹ، فیشل ریکاگنیشن یا اسکرین لاک کوڈ استعمال کرتے ہوئے بیک اپ بحال کر سکے گا۔ واضح رہے کہ طویل عرصے تک واٹس ایپ بیک اپ انکرپشن کے بغیر محفوظ ہوتے تھے، تاہم 2021 میں میٹا نے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا نظام متعارف کرایا تھا، جس میں پاس ورڈ یا 64 حروف پر مشتمل انکرپشن کیز کی ضرورت ہوتی تھی—مگر ان تک رسائی کھونے کی صورت میں بیک اپ ریکور کرنا آسان نہیں رہتا تھا۔ نئے پاس کیز فیچر کے ذریعے اب صارفین کو نہ پاس ورڈ یاد رکھنے کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی انکرپشن کیز محفوظ کرنے کی، کیونکہ بیک اپ تک رسائی براہِ راست ڈیوائس کی بائیومیٹرک یا لاک اسکرین سیکیورٹی کے ذریعے ممکن ہو جائے گی۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔