کولمبو — آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا پہلی فتح کا خواب ایک اور مرتبہ پورا نہ ہو سکا۔ قومی ٹیم کو جنوبی افریقا نے 150 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
میچ بارش سے متاثر ہوا اور ابتدا میں 40 اوورز کا طے ہوا، جس میں جنوبی افریقا نے 9 وکٹ پر 312 رنز بنائے۔ اننگز میں لورا نے شاندار 90 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ پاکستان کی سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقا کی اننگز کے بعد بارش نے ایک بار پھر کھیل کو متاثر کیا، اور میچ کو 20 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کے لیے 20 اوورز میں 234 رنز کا ہدف مقرر کیا گیا۔
تاہم پاکستان ٹیم اس ہدف کو حاصل نہ کر سکی اور صرف 83 رنز پر 7 وکٹیں گنوانے کے بعد کھیل ختم ہوا۔ یوں جنوبی افریقا نے 150 رنز سے واضح فتح حاصل کی اور پاکستان کا پہلی جیت کا خواب ایک اور مرتبہ ادھورا رہ گیا۔
