بالی ووڈ کی مقبول اداکارہ زرین خان نے سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی آن لائن ہراسانی کے مسئلے پر کھل کر بات کی ہے۔ 38 سالہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ہر پوسٹ کے ساتھ انہیں غیر مہذب، ذومعنی اور فحش تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
زرین نے مداحوں سے سوال کیا کہ چاہے وہ خوشیوں کا لمحہ شیئر کریں، ذاتی تجربہ بتائیں یا کسی افسوسناک واقعے پر روشنی ڈالیں، ہر بار ان کے لیے یہ تجربہ کتنا مایوس کن ثابت ہوتا ہے۔ اداکارہ نے سب سے اہم سوال اٹھایا: “آخر یہ رویہ کیوں؟ کیا آپ بھی اس کا شکار ہیں؟”
ان کی ویڈیو پر مداحوں نے بھرپور ردعمل دیا۔ کئی صارفین نے زرین کی حمایت کی، ان کے حوصلے کی تعریف کی، اور کچھ نے سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی بدتمیزی پر تشویش ظاہر کی۔ کچھ مداحوں نے انہیں مشورہ دیا کہ ٹرولز کو نظر انداز کریں اور اپنی خوشیوں کو اسی طرح شیئر کرتی رہیں۔
زرین خان نے 2010 میں سلمان خان کے ساتھ فلم ’ویر‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ انہیں اکثر کترینہ کیف سے مشابہت کے باعث سلمان خان کی فلموں میں مواقع ملے۔ انہوں نے ’ہاؤس فل 2‘, ’ہیٹ اسٹوری 3‘ اور ’اکسر 2‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کی، جبکہ ان کی آخری فلم ’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے‘ 2021 میں ریلیز ہوئی تھی۔
